

کوئٹہ(آن لائن)وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح خطے کے عظیم لیڈر ان کے نقش قدم پر چل کر اپنی ذمے داریوں کے ساتھ انصاف کرنا ہوگا، زیارت آکر ہمیں پاکستانیت کا احساس ہوتا ہے، آج کے دور میں ہماری شناخت پاکستان ہے پاکستان کمزور ہوگا تو نقصان عوام کو ہوگاحالات کو دیکھ کر اکثر لوگ مایوس ہو جاتے ہیں ہمیں مایوسی اور بیڈ گورننس کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں اور کام کرنا ہو گا اگر ہم غور و فکر کریں تو ملک کو بہتآگے لے جاسکتے ہیں جہاں احساس نہ ہو وہاں ترقی نہیں ہوتی، ہم پاکستان کے حوالے سے اپنی ذمے داریوں پر جواب دہ ہیں ہمیں تنگ نظری تعصب اور نفرت کو ختم کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیارت ریزیڈنسی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی پیدائش 25 دسمبر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، آئی جی ایف سی(نارتھ)میجر جنرل فیاض حسین شاہ، صوبائی وزرا انجینئر زمرک خان اچکزئی،میر ضیا اللہ لانگو، نور محمد دمڑ، پارلیمانی سیکرٹری سردار مسعود لونی، سینیٹر انوار الحق کاکڑ،کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل شاہ، آغا عمر احمد زئی و دیگر بھی موجود تھے۔ اس سے قبل مہمانوں کو چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ اور وزیر اعلی بلو چستان جام کمال خان نے پرچم کشائی کی مہمانوں کو پشتون و بلوچ دستار پہنائے گئے۔
