جنیوا (صباح نیوز) نوول کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچائی ہے مگر عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ بدترین وبا تو ابھی آنا باقی ہے اور ہمیں عالمی سطح پر اس کے تیاری کے لیے سنجیدہ ہونا چاہیے۔ عالمی ادارہ صحت کے شعبہ ایمرجنسیز کے سربراہ مائیکل ریان نے پریس بریفنگ کے دوران کہاکہ ’’کورونا کی وبا خواب غفلت سے جگانے کی کال ہے‘‘۔ یہ بریفنگ عالمی ادارے کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلائوکا ایک سال مکمل ہونے پر کی گئی تھی ،ایک سال کے عرصے میں دنیا بھر میں کورونا کے نتیجے میں 18 لاکھ کے قریب ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ 8 کروڑ سے زیادہ کیسز کی تصدفیق ہوئی ہے۔مائیک ریان نے تسلیم کیا یہ وبا بہت سنگین تھی، یہ دنیا بھر میں برق رفتاری سے پھیل گئی اور ہماری زمین کا ہرکونا اس سے متاثر ہوا، مگر ضروری نہیں کہ یہ بڑی وبا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مستقبل میں اس سے بھی زیادہ سنگین وبا کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔
