کابل /راولپنڈی (آن لائن) افغان حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کا نیا دور قطر کے دارالحکومت دوحا میں آج منگل سے شروع ہو گا۔ بتایا گیا ہے کہ افغان حکومت کے مذاکرات کار ملک میں مستقل جنگ بندی اور 2001 ء میں طالبان حکومت کی برطرفی کے بعد متعارف کرائے گئے موجودہ نظام حکومت کے تسلسل پر زور دیں گے۔ حکومتی مذاکرات کار غلام فاروق مجروح نے بتایا کہ یہ بات چیت انتہائی پیچیدہ اور صبر آزما ثابت ہو سکتی ہے۔علاوہ ازیں افغانستان میں سیکورٹی فورسز کے فضائی حملے میں طالبان کے گروپ کمانڈر محمد عمر سمیت 13مزاحمت کارجاں بحق ہوگئے ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبہ ننگر ہار کے ضلع باٹیکوٹ میں سیکورٹی فورسز نے طالبان ایک ٹھکانے کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ ادھر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونے والی اس ملاقات میں خطے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور بالخصوص افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ مقصد کے لیے اپنے عزم کو دہرایا۔ملاقات میں رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
