کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی یوتھ ضلع کیماڑی کے تحت حق دو کراچی کو، کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد بلدیہ ٹاؤن کے ایم سی گراونڈ میں کیا گیا جس میں ضلع کیماڑی اور کراچی بھر سے مختلف ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل شاہین اسپورٹس اور گلشن اسپورٹس کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں شاہین اسپورٹس کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور امیر ضلع کیماڑی فضل احد نے فاتح ٹیم کے کپتان عمیر کو نقد انعام اور ٹرافی بھی دی۔ حافظ نعیم الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق دو کراچی کو، کی تحریک نوجوانوں کی تحریک ہے‘ صحت مند نوجوان ہی شہر کی قیادت کر سکتے ہیں اور اپنا حق لینا بخوبی جانتے ہیں‘ کھیلوں کے گراؤنڈ پر قبضہ مافیا کا راج ہے‘ کوئی تفریحی مقام نہیں بچا جبکہ اب تو نوجوان کے لیے تعلیم بھی مہنگی کردی گئی ہے‘ ایسے میں نوجوان کہاں جائیں؟ ملک میں مافیاز کا راج ہے اور ان مافیاز کو حکمرانوں کی سرپرستی حاصل ہے‘ حکمران طبقے نے شہر کے نوجوانوں کو تعصب اور لسانی اکائیوں میں تقسیم کر دیا ہے اور ان سے صحت مند سرگرمیاں چھین لی ہیں‘ جماعت اسلامی یوتھ نے شہر میں کھیل اور صحت مند سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے‘ بلدیہ ٹاؤن کے ایم سی گراونڈ پر قبضے کی سازش ناکام بنائیں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر میں پینے کا پانی اور ٹرانسپورٹ تک میسر نہیں‘ جماعت اسلامی شہر میں خدمت کا ماضی رکھتی ہے‘ کرپشن سے پاک قیادت نے شہر کی تعمیر کی ہے‘ آج جو کھیلوں کے میدان آباد ہیں وہ بھی نعمت اللہ خان کی مرہون منت ہیں‘ جماعت اسلامی ہی کراچی کے نوجوانوں کی اصل جماعت ہے‘ کراچی کو اپنی اصل شناخت کی جانب لوٹنا ہوگا‘ نوجوان جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں اور کراچی کو پھر سے چمکتا دمکتا اور ترقی یافتہ شہر بنائیں۔ امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی فضل احد حنیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے گراؤنڈ ویران اور منشیات کے اڈے آباد ہو رہے ہیں‘ جماعت اسلامی یوتھ ویران گراونڈز کو آباد کر رہی ہے‘ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیاں فراہم کر رہی ہے ۔

