اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے 16فروری سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 16روپے تک فی لیٹر اضافے کی تیاری کرلی ہے، حکومت ڈھائی ماہ میں مسلسل 5بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر چکی ہے ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے 16 فروری سے پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی کرنے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے سمری 30 روپے فی لیٹر لیوی پر تیارکی ہے اورپیٹرول 16روپے فی لیٹر تک مہنگا کرنے کی تجویز دی ہے۔اوگرا کی سمری میں ڈیزل بھی14روپے 75 پیسے تک مہنگا کرنے کی تجویز ہے۔ذرائع کے مطابق اس وقت پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 21 روپے 4 پیسے ہے اور ڈیزل پر موجودہ لیوی 22روپے11 پیسے فی لیٹر ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھیج دی ہے تاہم حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت سے کرے گی۔ذرائع کے مطابق حکومت ڈھائی ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات مسلسل 5 بار مہنگی کرچکی ہے۔ یکم دسمبر سے اب تک پیٹرولیم مصنوعات 16 روپے 37 پیسے تک مہنگی کی جاچکی ہیں۔ اسی عرصے میں پیٹرول 11 روپے 21 پیسے فی لیٹر پہلے مہنگا کیا گیا۔یکم دسمبر سے اب تک ہائی اسپیڈ ڈیزل 14 روپے 64 پیسے فی لٹر مہنگا کیا جا چکا ہے۔ اسی عرصے میں مٹی کا تیل 14 روپے 90 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا۔ لائٹ ڈیزل 16 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا جاچکا ہے۔
