اسلام آباد(آئی این پی+آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہطاقتور کو قانون کی حکمرانی کے تابع بنایا جا رہا ہے۔منگل کویوم پاکستان کے موقع پرسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوںنے لکھا کہ 1500سال قبل ہمارے نبی اکرمؐ نے مدینہ میں پہلی فلاحی ریاست قائم کی، جس کا مقصد قانون کی حکمرانی ، میرٹ ، جمہوریت اور رواداری پر مبنی معاشرہ تھا۔وزیراعظم نے کہاکہ ریاست مدینہ میں علم کی تلاش کو ایک مقدس فرض بنا دیا گیا تھا، چند دہائیوں میں مسلمان اگلی چند صدیوں کے لیے سب سے بڑی تہذیب بن چکے تھے،جب مسلمان رہنما اصولوں سے دور ہوگئے تو تہذیب کا زوال شروع ہوا۔عمران خان کے بقول آج سے 81سال پہلے ہمارے قائد محمدعلی جناح نے ہمیں پاکستان کا خواب دیا، ریاست مدینہ کے اصولوں پر مبنی مملکت خداداد کا تصور عظیم شاعر اقبال کا تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ اب تک ہم اپنی زبردست صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں، اس کی بنیادی وجہ قائد کے ویژن پر
عملدرآمد نہ کرنا ہے۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اپنے ٹریک پر واپس آ چکا ہے، فلاحی ریاست کے قیام کے لیے پنا گاہوں اور ہیلتھ کارڈز کے ذریعے غریب طبقے کا احساس کیا گیا۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کی قانونی ٹیم نے براڈ شیٹ انکوائری رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی ، جس کے بعد عمران خان نے رپورٹ وفاقی کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ بتایا گیا ہے کہ رپورٹ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی ، جس کے بعد کابینہ جائزہ لے کر رپورٹ پبلک کرنے کی منظوری دے گی۔

