راولپنڈی (صباح نیوز) دہشت گردوں نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان بارڈر عبور کرنے کی کوشش کی اس دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا‘ اس دوران پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں افغانستان سے دہشت گردوں نے 26 اور27 اکتوبر کی درمیانی رات پاک افغان بارڈر عبور کرنے کی کوشش کی، سیکورٹی فورسز نے فوری اور موثر ردعمل دیتے ہوئے دہشت گردوں کی پاکستان میں گھسنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ اس دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا‘ فائرنگ کے باعث 2 جوان شہید ہو گئے‘ شہید ہونے والوں میں لانس نائیک اسد اور سپاہی آصف شہید شامل ہیں۔ لانس نائیک اسد کا تعلق ضلع کرم اور سپاہی آصف کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کیے جانے کی شدید مذمت کرتا ہے‘ اور امید کرتا ہے کہ عبوری افغان حکومت آئندہ پاکستان کے خلاف ایسی کارروائیوں کی اجازت نہیں دے گی‘ پاک فوج اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے‘ دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنایا جائے گا‘ ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
