لاہور (نمائندہ جسارت) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان مذاکرات کے مثبت نتائج کی توقع ہے لیکن مذاکرات کرنے والوں کو یہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ کچھ چیزیں ممکن ہوتی ہیں اور کچھ نہیں۔ ملکی اور قومی مفادات کو ترجیح دینا ہر پاکستانی کی ذمے داری ہونی چاہیے۔ پاکستان کو اس وقت معاشی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے حکومت تمام اقدامات یقینی بنارہی ہے۔ وہ ہفتے کے روز الحمرا آرٹ گیلری لاہورمیں تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ کسی بھی ملک میں اس وقت تک سرمایہ کار نہیں آتے جب تک وہاں امن و امان کی صورتحال درست نہ ہو۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ وفاقی حکومت اور ٹی ایل پی کے اہم لوگوں کے درمیان کہ مذاکرات ہورہے ہیں، جس کے مثبت نتائج کی توقع ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی پہلی ترجیح عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
