اسلام آباد( آن لائن )پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے، کورونا وائرس کے کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آنے لگی ہے او ر گزشتہ روز پاکستان میں صرف 6افراد کورونا وائرس سے انتقال کر گئے جس کے بعد کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 33 ویں نمبر پر آگیا ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید482 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 6 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 1ہزار 24 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 18 فیصد پر آ گئی۔پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 28 ہزار 456 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کْل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 73 ہزار 560 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 22 ہزار 545 مریض زیرِ علاج ہیں،جبکہ 12 لاکھ 22 ہزار 559 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
