
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملیر کراچی میں نوجوان ناظم جوکھیو کے بہیمانہ قتل کے خلاف اور قاتلوں کو عبرت ناک سزا کے لیے جماعت اسلامی یوتھ سندھ کے تحت سکھر، کندھکوٹ، حیدرآباد ،ٹھٹھہ اور گھارو سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے، شرکا کے شہید ناظم جوکھیو کے قاتلوں کو پھانسی دو کے نعرے۔ جے آئی یوتھ سندھ کے صدر محمد حسن کھوسہ، زبیر حفیظ، شبیر میرانی،الطاف ملاح، عرفان قائم خانی ، حمزہ ناہیوں ودیگر رہنماؤں نے مظاہروں سے خطاب کیا۔جے آئی یوتھ کے نومنتخب صوبائی صدر محمدحسن کھوسہ نے سکھر پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نا ظم جوکھیو کا قتل بدترین دہشت گردی ہے، قاتل کتنے بھی بااثر کیوں نہ ہوں انہیں کیفرکردار تک پہنچایاجائے۔ حسن کھوسہ نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کے وڈیروں سے اب کسی کی جان، مال اور عزت آبرو محفوظ نہیں ہے، سندھ پولیس عوام کو تحفظ دینے کے بجائے اقتداری پارٹی کے وڈیروں کی کمداری میں مصروف ہے ، جب تک قانون طاقتور وڈیروں اور سرداروں کے آگے بے بس رہے گا معاشرے میں انارکی جنم لے گی جس سے پوری سوسائٹی متاثر ہوگی، یہ انتہائی المناک واقعہ ہے جس کے واضح ثبوت موجود ہیں، شہید ناظم جوکھیو نے مقامی ایم پی اے کے ڈیرے پر پیش ہونے سے قبل اپنے وکیل کو واٹس اپ پر وائس میسیج میں کچھ بھی ہونے کی ذمے داری ایم پی اے اور ان کے حواریوں پر ڈالتے ہوئے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نوجوان ناظم جوکھیو کے ناحق قتل میں ملوث بااثر افراد کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چلاکر عبرت ناک سزا دی جائے۔ ہم شہید کے ورثا کو یقین دلاتے ہیں کہ جے آئی یوتھ اور جماعت اسلامی قاتلوں کو سزا اور لواحقین کو انصاف دلانے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، سندھ کے عوام کا پرزور مطالبہ ہے کہ ناظم جوکھیوکے قتل کو ٹیسٹ کیس بناتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ عدل وانصاف کے تمام تقاضے پورے کرے ،حکومتی پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے اور کارندوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے اور عرب شکاریوں سمیت دیگر غیر ملکیوں کو پاکستان خصوصاً سندھ میں شکار کھیلنے پر مکمل پاپندی عاید کی جائے۔ دریں اثنا جے آئی یوتھ ضلع کشمور کندھ کوٹ کی جانب سے لائبریری چوک سے گھنٹہ گھر تک ضلعی امیر لالا عبدالفتاح پٹھان، غلام مصطفی میرانی اور عبیداللہ بلوچ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،ٹھٹھہ میں ناظم جوکھیو کے نا حق خون کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت جماعت اسلامی کے ضلعی امیر الطاف احمد ملاح، نائب امیر غلام شفیع سموں ، جنرل سیکرٹری عبدالمجید سموں ایڈووکیٹ، امیر سٹی ٹھٹھہ عبداللہ آدم گندرو نے کی جبکہ اس موقع پرمحمد علی خٹک ، عبدالمجید شورو ، جاوید رضا شورو، خالد کھوسہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
