اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ قومی معاملات اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے وکلا برادری رہنمائی کرے‘ بار ایسوسی ایشنز سیاسی جماعتوں کو بڑی اصلاحات پر قریب لانے میں کردار ادا کرسکتی ہیں۔ ہفتے کو وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون کی قیادت میں نو منتخب عہدیداران نے ملاقات کی۔ اس موقع پر فواد چودھری نے کہا کہ قومی معاملات اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے وکلا برادری رہنمائی کرے‘ انتخابی اصلاحات، نیب آرڈیننس سمیت دیگر اہم قانون
سازی میں وکلا اور بار ایسوسی ایشن کے کردار کا خیر مقدم کریں گے‘ نیب آرڈیننس کو چیلنج کرنے کے بجائے حکومت کو اصلاحات تجویز کریں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں قانون کی بالادستی کے لیے وکلا برادری کو اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہیے، بار ایسوسی ایشنز کو عدلیہ میں زیر التوا مقدمات جلد نمٹانے کے لیے اپنی کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی‘ انصاف کے بغیر ترقی یافتہ معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔
