English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت اور ٹی ٹی پی جنگ بندی پر متفق ہوگئے،فواد چوہدری کا انکشاف

القمر

اسلام آباد/کراچی (اے پی پی +مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات اور نشریات فواد چودھری نے اعلان کیا ہے کہ ایک معاہدے کے تحت حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان مکمل جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔پیر کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد انہوں نے ایک وڈیو پیغام میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے یکم اکتوبر 2021 ء کو اپنے انٹرویو میں کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا تذکرہ کیا تھا، ان مذاکرات کی شروعات ہوچکی ہے۔فوادچودھری کے بقول کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے جو مذاکرات ہو رہے ہیں وہ پاکستان کے آئین اور قانون کے تحت ہوں گے، ’کوئی بھی حکومت پاکستان کے آئین اور قانون سے باہر مذاکرات کر ہی نہیں سکتی، ان مذاکرات میں ریاست کی حاکمیت، ملکی سلامتی، متعلقہ علاقوں کے امن، معاشرتی اور اقتصادی استحکام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات میں ان علاقوں کے متاثرہ افراد کو قطعی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور ان علاقوں کے افراد کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے،یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان کے یہ علاقے ایک طویل عرصے کے بعد مکمل امن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔فوادچودھری نے بتایا کہ مذاکرات میں افغانستان کی عبوری حکومت نے سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔وفاقی وزیراطلاعات نے مزید بتایاکہ مذاکرات کی پیشرفت کو سامنے رکھتے ہوئے سیز فائر میں توسیع ہوتی جائے گی۔دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان نے ایسے کسی مذاکرات کی تردید کی ہے۔ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی نے بی بی سی کے نمائندے کو بتایا کہ ٹی ٹی پی نے کبھی بھی بامعنی مذاکرات سے انکار نہیں کیا البتہ فی الحال آن دی گراؤنڈ کچھ بھی نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے