ماتلی (نمائندہ جسارت)ضلع ٹنڈومحمدخان کی پولیس ضلع کے مین پوری ڈان کے خلاف خاموش کیوں ہے؟سینئر وکیل ہائی کورٹ ایڈووکیٹ عبدالرزاق کی ماتلی پریس کلب میں پریس کانفرنس۔ضلع ٹنڈومحمد خان کے سینئر وکیل ایڈووکیٹ عبدالرزاق نے ماتلی پریس کلب میں اپنی پریس کانفرنس میں اپنے ضلع کے مین پوری ڈان کے غیر قانونی دھندے کا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا۔انہوں نے کہا کہ ٹنڈومحمدخان شہر سے کچھ فاصلے پر واقع 70 موری کا یہ ڈان پورے ضلع ٹنڈومحمدخان میں مین پوری مافیا گینگ کا سرغنہ ہے۔انہوں نے کھلے الفاظ میں کہا کہ وہ ضلعی پولیس کو ہر جمعہ کے روز 28 لاکھ روپے بھتے کی رقم پہنچاتا ہے، جبکہ دیگر تھانوں کا ہفتہ الگ ہے، سینئر وکیل نے کہا کہ ضلع ٹنڈومحمد خان میں درجنوں افراد مین پوری کے استعمال کی وجہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں اور ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اب تو تعلیمی اداروں تک اس کاروبار کو پھیلایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹنڈومحمد خان کی مقامی عدالت سمیت اس کاروبار کے خلاف انہوں نے ہائی کورٹ میں بھی پٹیشن دائر کر دی ہے۔ایڈووکیٹ عبدالرزاق نے کہا کہ ٹنڈو محمد خان پولیس صرف اس ڈان کے چھوٹے کارندوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے اپنا ریکارڈ بناتی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مین پوری کے کاروبار میں ملوث اکبر لغاری، عارف دستی رمضان سٹھیو اور علی حسن سٹھیو کے خلاف بااختیار تحقیقاتی اداروں کے ذریعے چھان بین کرا کر ان کا یہ غیر قانونی کاروبار بند کرایا جائے۔
