سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت مقبوضہ کشمیرمیں دوبارہ بارڈرسیکورٹی فورس تعینات کرے گا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں چودہ سال بعد بارڈرسیکورٹی فورس(بی ایس ایف) کو بھی تعینات کیا جائے گا۔قابض بھارت کے اس فیصلے کا مقصدکشمیریوں کے گرد مزید گھیرا تنگ کرنا ہے۔مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج،سینٹرل ریزرو پولیس فورس پہلے ہی تعینات ہیں۔بی ایس ایف کو سرینگر،پلواما،شوپیاں،بارہ مولا اوردیگرعلاقوں میں تعینات کیا جائے گا۔مقبوضہ کشمیرمیں جاری تحریک آزادی کوطاقت کے زور پردبانے کے لیے 1989میں بی ایس ایف کوتعینات کیا گیا تھا تاہم 2005کے بعد مرحلہ وارہٹا دیا گیا تھا۔دریں اثناء مقبوضہ وادی میں قابض فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی کے ضلع کولگام اور سرینگر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جس کے بعد دو دن میںشہید نوجوانوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔بھارتی فوج کے اہلکار ضلع کولگام میں گھر گھر تلاشی کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گھروں میں گھس گئے اور اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید ہوگیا جب کہ سرینگر میں جعلی پولیس مقابلے میں ایک اور نوجوان کو شہید کردیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کی شہادت کے بعد سرینگر اور دیگر علاقوں میں ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کیا گیا جبکہ علاقے میں کسی بھی احتجاج سے بچنے کے لیے انٹرنیٹ اور موبائل سروس کو بند کردیا گیا ہے۔
