لاہور(جسارت نیوز) قومی ٹیم کے سینئر آل رائونڈر محمد حفیظ نے اپنے 18 سالہ انٹرنیشنل کیریئر میں بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی نو بال نہیں کی تھی تاہم آسٹریلیا کے خلاف 2 روز قبل سیمی فائنل میں ان سے یہ اعزاز بھی چھن گیا۔ آف اسپنر محمد حفیظ نے اپنے 18 سالہ بین الاقوامی کیریئر میں 13,061 گیندیں کیں اور ایک مرتبہ بھی ان کی گیند نو بال قرار نہیں پائی تاہم دبئی میں ڈیوڈ وارنر کی جانب سے چھکا لگانے والی ڈبل باؤنس ڈلیوری بین الاقوامی کرکٹ میں 2175.5 اوورز کے بعد حفیظ کی پہلی نو بال کے ریکارڈ میں جائے گی۔محمد حفیظ کی جانب سے کرائی گیند ان کے ہاتھ سے نکل گئی اور دو باؤنس کے بعد وکٹ سے باہر جانے ہی والی تھی کہ وارنر نے کریز کئی قدم آگے نکلتے ہوئے چھکا دے مارا اور امپائر نے بھی گیند کو نوبال قرا دے دیا۔سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر نے وارنر کے اس عمل کو تنقید کا نشانہ بنایاہے۔

