اسلام آباد ( آن لائن)کمانڈر قطر امیری نیول فورسز میجر جنرل عبداللہ بن حسن الصلیطی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا،کمانڈر قطر امیری نیول فورسز کی سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی میری ٹائم سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، سربراہ پاک بحریہ نے خطے میں
سمندری تحفظ اور امن کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ معزز مہمان نے خطے میں بحری سکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ ترجمان کے مطابق کمانڈر قطر امیری نیول فورسز کے اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
