اسلام آباد (صباح نیوز) مردم شماری برائے 2022ء کیلیے سوالنامے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ یہ بات حکام نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ دسمبر 2022ء تک حلقہ بندیوں کیلیے الیکشن کمیشن کو اعداد و شمار دیے جائیں گے، اس ضمن میں مشترکہ مفادات کونسل کو منظوری کیلیے سمری بھجوائی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کیلیے ادارہ شماریات دیگر اداروں کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے، سوشل میڈیا پر مردم شماری کی تشہیر کیلیے ایک فرم کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے اس موقع پر ہدایت دی کہ ادارہ شماریات تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے اور مقررہ وقت تک مردم شماری کے عمل کو ہر قیمت پر مکمل کیا جائے۔
