خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان کے فوجی حکمران اور عبوری حکمران کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے کہا ہے کہ فوج 2023ء میں ہونے والے انتخابات کے بعد سیاست چھوڑدے گی۔انہوں نے واضح کیا ہے کہ انتقال اقتدار کے عمل میں کالعدم سابق حکمران جماعت کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔اکتوبرکے آخرمیں جنرل عبدالفتاح برہان کی قیادت میں فوج نے اقتدار پرمکمل قبضہ کرلیا تھا اور سوڈان میں عوام کی زیرقیادت حکومت کے ساتھ جمہوریت کی منتقلی کا عمل ختم ہوگیا تھا۔21 نومبرکو فوج اور سول قیادت میں ایک نیا معاہدہ طے پایا تھا۔اس کے تحت وزیراعظم عبداللہ حمدوک کوجولائی 2023ء میں انتخابات کے انعقاد تک ٹیکنوکریٹس پر مشتمل کابینہ کی قیادت کے لیے بحال کیا گیا تھا۔جنرل البرہان نے برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز سے انٹرویو میں کہا کہ جب کوئی حکومت منتخب ہوتی ہے تو میں نہیں سمجھتا کہ مسلح افواج یا سیکورٹی فورسز میں سے کوئی بھی سیاست میں حصہ لے گی۔ہم نے اسی پر اتفاق کیا ہے اور یہ قدرتی صورت حال ہے ۔سوڈان کی مزاحمتی کمیٹیوں اور سیاسی جماعتوں پر مشتمل اتحاد نے فوج سے فوری طور پر سیاست کو خیرباد کہنے کا مطالبہ کیا ہے۔
