
میکسیکو سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) میکسیکو میں وسطی امریکا سے تعلق رکھنے والے کم از کم 53 تارکین وطن اس وقت ہلاک ہوگئے، جب ان کا ٹرک تیز رفتاری کے باعث پلٹ گیا۔ بیشتر متاثرین ایک نئی زندگی کی تلاش میں امریکا جانے کی کوشش میں تھے۔ واقعہ میکسیکو کی جنوبی ریاست چیاپاس میں جمعرات کو پیش آیا۔ چیاپاس سول پروٹیکشن ایجنسی کے سربراہ لوئیس مینوئل گارسیا نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ مذکورہ ٹرک چیاپا ڈی کورزو شہر اور ریاستی دارالحکومت ٹکسٹلا گوٹیریز کے درمیان کی شاہراہ پر ایک خطرناک موڑ پر یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں، جو افراد بچ گئے ہیں ان کے بیانات کے مطابق بیشتر متاثرین کا تعلق گوئٹے مالا سے تھا۔ مقامی حکام کے مطابق اس حادثے میں 58 دیگر افراد زخمی ہوئے ، اور متاثرین میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ جائے حادثے کی جگہ سے لی گئی تصاویر میں شاہراہ کی ایک جانب ایک سفید ٹریلر دیکھاجا سکتا ہے جب کہ آس پاس طبی امداد حاصل کرنے والے متاثرین بکھرے ہوئے پڑے ہیں۔ وہیں پر ہلاک ہونے والے کئی افراد کو سفید کفنوں میں ڈھانپ دیا گیا جب کہ متاثرین کی لاشوں کو پہلو بہ پہلو رکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر نشر ہونے والی ایک اور وڈیو میں ایک خاتون کو اپنے روتے ہوئے بچے کو گود میں اٹھائے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ دونوں خون میں لت پت ہیں۔ ایک دیگر وڈیو میں ٹریلر کے اندر ایک شخص کو پھنسا ہوا دیکھا جا سکتا ہے جو سامنے ملبہ ہونے کی وجہ سے نہیں نکل پا رہا ہے اور امدادی عملہ اس کی مدد کے لیے کوشش کر رہا ہے۔ چیاپاس کے گورنر روتیلیو ایسکینڈن نے اپنی ایک ٹوئٹ میں متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امدادی عملے کو جائے وقوع پر فوری طور پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
