عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر حاجی غلام احمد بلور نے غضنفربلور کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے فیصلے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غضنفر بلور کا فیصلہ انفرادی ہے، بلورخاندان کا اس فیصلے سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ بلورخاندان روز اول کی طرح آج بھی عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ ہے اور رہیں گے۔غضنفر کے فیصلے نے پورے بلور خاندان کی عزت کو نقصان پہنچایا، اس فیصلے پر ایک دن پچھتاوا ہوگا۔ وہ بھول گئے کہ انکے والد الیاس بلور پر اس وقت شاہی قلعہ میں تشدد کیا گیا جب وہ سیاست میں بھی نہیں تھے۔
الیاس بلور سیاست میں نہ ہونے کے باوجود کئی مہینے جیل میں رہا لیکن نہ جھکا، نہ بکا اور خاندان کی عزت کی لاج رکھی۔چار دہائیوں تک مشکلات اور حالات کا جواں مردی سے مقابلہ کیا، چاروں بھائیوں نے کبھی کوئی غلط فیصلہ نہیں کیا۔اپنی پارٹی کیلئے تین جانوں کی قربانیاں دی لیکن اس قسم کے فیصلے کبھی نہیں کئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بشیر بلور شہید، ہارون بلور شہید، شبیربلور شہید جیسی قربانیوں کی مثال پاکستان میں نہیں ملے گی۔غضنفر بلور کا یہ قدم انتہائی افسوسناک ہے، ایک دن اسے ضرور پچھتاوا ہوگا۔انگریزوں کا محاورہ ہے کہ کسی سے توقعات نہ رکھیں تو آپ خفہ بھی نہیں ہوں گے۔

