English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بلدیاتی قانون:حافظ نعیم الرحمن سے مصطفیٰ کمال کی ملاقات

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور مصطفی کمال ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور پیپلزپارٹی کی جانب سے کالے بلدیاتی قانون کو منظور کرنے کے خلاف تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔ملاقات میں بلدیاتی اداروں پر قبضہ کے خلاف،مردم شماری ،بااختیار شہری حکومت کے قیام،ہاؤس کے اندر یا ہاؤس سے باہر کسی فرد کے براہ راست میئر کے انتخاب کے حوالے سے ایک دوسرے کے مؤقف سے اتفاق کیا گیا ۔وفد میں ارشد وہرہ ، انیس قائم خانی ودیگر بھی موجو د تھے ۔امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان سرزمین پارٹی کے وفد کا ادارہ نورحق آمد پر خیر مقدم کیا۔اس موقع پر نائب امراء جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،راجا عارف سلطان ، مسلم پرویز ،عبد الوہاب ، سیکرٹری کراچی منعم ظفر خان ،پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ ودیگر بھی موجود تھے ‘بعد ازاں حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ایک بار پھر اپنے روایتی فاشسٹ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دانستہ کالا بلدیاتی قانون اسمبلی میں بحث اوراپوزیش کے مؤقف کو سنے بغیر جبراًمنظور کرلیاجو جمہوریت دشمن طرز عمل ہے جس کے ذریعے پیپلزپارٹی نے مردہ لسانی سیاست کا دوبارہ کا آغاز کردیا تاکہ اس سے پیپلزپارٹی کو اندرون سندھ جبکہ شہری علاقوں میں متحدہ قومی موومنٹ کو فائدہ پہنچایا جائے ،ہم جاگیردار طبقے کی اس سفاک چال کو ہر حال میں مل کر ناکام بنائیں گے ،وزیر اعلیٰ سندھ صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں لیکن ان کا طرز عمل نہایت متعصبانہ دیکھنے میں آیا، پیپلزپارٹی کا یہ فیصلہ عام دیہی اور شہری آبادیوں کے مشترکہ دشمن جاگیردار طبقے کا فیصلہ ہے ، اسی طبقے نے پہلے دیہی سندھ کے عوام کا استحصال کے بعد اور اب حکمرانی کے لیے شہری علاقوں کو فتح کرنا چاہتا ہے ۔اٹھارہویں ترمیم کے بعد پیپلزپارٹی نے اقتدار اور اختیارات تھرڈ TIERکو منتقل کرنے کی بجائے جاگیرداروں کے حوالے کردیے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ بلدیاتی کالے قانون کے حوالے سے جماعت اسلامی اور پاک سرزمین پارٹی میں سو فیصد اتفاق ہے اس حوالے سے آئندہ بھی ملاقاتیں اور تبادلہ خیال جاری رہے گا ،دونوں جماعتیں اپنے اپنے سیاسی پلیٹ فارم سے اس بل کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ جماعت اسلامی نے پہلے دن سے ہی کالے بلدیاتی قانون کی نہ صرف مخالفت کی بلکہ اس کے خلاف شہر بھر میں تحریک بھی چلائی جارہی ہے ،آج ملاقات میں پی ایس پی اور جماعت اسلامی نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ شہر میں کسی صورت بھی لسانیت وعصبیت اور وڈیرہ شاہی سیاست کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، بااختیار شہری حکومت قائم کرنے اور براہ راست میئرکا انتخاب کرنے پر بھی پی ایس پی نے ہمارے مؤقف کی تائید کی ہے،جماعت اسلامی کراچی میں ماس ٹرانزٹ ،کراچی کے بنیادی انفراانسٹرکچر ،پانی اور بجلی کے نظام کے حوالے سے بااختیار شہری حکومت کاقیام کی جدوجہد جاری رکھے گی۔مصطفی کمال نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان سرزمین پارٹی بھی بلدیاتی ترمیمی بل کی نہ صرف مخالفت کرتی ہے بلکہ 2013میں ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے مل کر کراچی کے جو اختیارات کم کیے تھے ہم اس کی بھی مذمت کرتے ہیں۔پیپلزپارٹی کراچی میں بھی بلوچستان جیسے حالات پیدا نہ کرے کراچی میں بااختیار حکومت قائم کی جائے ۔ پیپلزپارٹی کا بلدیاتی قانون 2021کراچی دشمن بل ہے ، ہم اس کی مکمل مخالفت کرتے ہیں۔آج ہم جماعت اسلامی کے پاس بات چیت کے لیے آئے ہیں کسی سیاست کے لیے نہیں آئے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے