کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت سندھ حکومت کے کالے بلدیاتی قانون ،شہری اداروں پر قبضے کے خلاف اور کراچی کے ساڑھے3 کروڑ عوام کے مسائل کے حل اور جائز وقانون حق کے لیے اتوار 19دسمبرکو مزار قائد تا کے ایم سی بلڈنگ ایم اے جناح روڈ پر ہونے والے ’’کراچی بچاؤ مارچ‘‘ کی تیاریوں کے سلسلے میں امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے امرائے اضلاع سے مشاورت کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے غاصب اور جمہوریت دشمن حکمرانوںنے عوام کو سڑکوں پر احتجاج کے لیے مجبور کردیا ہے جبکہ دوسری طرف کراچی سے منتخب ارکان اسمبلی ساڑھے3 کروڑ عوام کی نمائندگی کا حق ادا نہ کرسکے لہٰذا ’’کراچی بچاؤ مارچ‘‘شہریوں کے حقوق کے لیے تاریخ رقم کرے گا اور شہر کے ہر گوشے اور حصے سے عوام بڑی تعداد میں شریک ہوں گے جن میں خواتین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی اور طبقات سے وابستہ افراد شامل ہوں گے۔ امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق ’’کراچی بچاؤ مارچ ‘‘ سے خصوصی خطاب کریں گے ۔علاوہ ازیں مارچ کی تیاریوں و انتظامات بالخصوص خواتین کی شرکت کے سلسلے میں جماعت اسلامی کے ذمے داران کے درمیان مشاورت بھی کی گئی اور متعلقہ ذمے داران کو ضروری ہدایات دی گئیں ۔دریں اثنا حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر مارچ کو بھرپور اور کامیاب بنانے کے لیے شہر بھر میں بڑے پیمانے پر انتظامات اور تیاریاں کی جارہی ہیں ۔جمعہ کو تمام مساجد کے باہر کارنرمیٹنگز اور احتجاجی مظاہرے ہوں گے جبکہ مارچ کے سلسلے میں100 سے زاید کیمپس لگائے جائیں گے ،بازاروں اور ہوٹلوں پر کارنرمیٹنگز اور شہر بھر میں موبائل پبلسٹی بھی کی جائے گی۔جماعت اسلامی کے مرد وخواتین کارکنوں نے رابطہ عوام مہم شروع کردی ہے ،عوام الناس سے گھر گھر رابطے کیے جارہے ہیں ان کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے اور لوگوں کو ہینڈ بلز دیے جارہے ہیں جن کے ذریعے سندھ حکومت کے کالے بلدیاتی قانون کی تفصیلات ، اثرات اور مضمرات سے آگاہ کیا جارہا ہے ۔عوام کی جانب سے جماعت اسلامی کے ’’کراچی بچاؤ مارچ‘ اور گزشتہ کئی سال سے اہل کراچی کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد اور کوششوں کو سراہا جارہا ہے ۔علاوہ ازیں شہر بھر میں ہزاروں کی تعداد میں بینرز لگادیے گئے ہیں اوور ہیڈ برج اور فلائی اوورز پر بڑے بڑے بل بورڈز بھی آویزاں کیے جارہے ہیں۔ متعدد مقامات پر کالے بلدیاتی قانون کے خلاف احتجاجی کیمپ لگائے جارہے ہیں اور دستخطی مہم بھی تیزی سے جاری ہے۔سندھ حکومت کے آمرانہ اور غیر جمہوری رویے اور وڈیرہ شاہی و جاگیردارانہ سوچ اور اقدامات کے خلاف شہر میں زبردست مہم اور تحریک جاری ہے ۔19دسمبر کا’’کراچی بچاؤ مارچ ‘‘ کراچی کا ایک یادگار اور تاریخی مارچ ثابت ہوگا ۔
