کراچی: ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ نااہل سرکار نے اپنی نااہلی سے ملکی عوام کا جینا محال کردیا ہے نااہلوں کی وجہ سے ملک میں ایک سے ایک بحران جنم لے رہا ہے پی ٹی آئی سرکار گیس کا بحران پیدا کرکے عوام سے نجانے کس چیز کا بدلہ لے رہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کاکہناتھا کہ سندھ ملکی پیداوار کا مجموعی طور پر 65 فیصد ملک کو گیس دیتا ہے لیکن حال یہ ہے کہ یہاں گیس ناپید کردی گئی ہے جان بوجھ کر سندھ کے عوام سے نجانے کونسا انتقام لیا جارہا ہے۔نااہلوں کے دور حکومت میں صنعتکار ہوں یا عام صارف سب پریشان ہیں دن بھر گھروں میں گیس نہیں جبکہ صنعتوں میں بھی بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس سے صنعتکاروں کے برآمدی آرڈرز بروقت پورے نہیں ہورہے، حکومت کی ناکام پالیسیوں کی بدولت عام صارف سے لیکر صنعتکاروں کو موجودہ صورتحال کا سامنا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے سوال کیا کہ کہ آٹا، چینی، یوریا کھاد سے کتنے اے ٹی ایمز کو فائدہ پہنچائیں گے؟ گیس کی منصفانہ تقسیم ہوتی تو کہیں قلت نہ ہوتی مسئلہ صرف منصفانہ تقسیم اور نااہلی کا ہے، صوبہ سندھ پورے ملک کی گیس کی ضروریات پوری کرسکتا ہے مسئلہ گیس کا نہیں صرف آپکی نااہلی اور نیت کا ہے۔

