English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

دنیا کی 3.6 فیصد آبادی ہجرت پر مجبور ہے ، رپورٹ

القمر

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے ماتحت ادارئہ مہاجرت آئی ایم او نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ سال دنیا بھر میں 28کروڑ 10لاکھ افراد مہاجرین کے طور پر تھے۔ اس لحاظ سے یہ تعداد پوری دنیا کی آبادی کا 3.6 فیصد بنتی ہے۔خبررساں اداروں کے مطابق 18دسمبر کو مہاجرین کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ عالمی ادارے نے رواں سال کی تھیم کا عنوان ’انسانی نقل و حرکت کی صلاحیت کو بروئے کار لانا‘ رکھا ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر میں ایک ملک سے دوسرے ملک میں ہجرت کرنے والے افراد کے بنیادی انسانی حقوق کا خیال رکھتے ہوئے ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ہے۔دوسری جانب یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل اور یورپی کمیشن نے کہا کہ ہجرت ہمیشہ سے یورپی شناخت کا حصہ رہی ہے۔ ہر سال تقریباً 20لاکھ افراد یورپی یونین میں آباد ہوتے ہیں اور 10لاکھ افراد یورپی یونین سے کہیں اور آباد ہونے کے لیے ہجرت کرتے ہیں۔ ہم ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صدیوں سے جاری اس عمل نے ہمارے معاشروں کو متاثر کرتے ہوئے ہماری ثقافتوں کو تقویت بخشی ہے، ہماری اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالا ہے اور ہماری بہت سی زندگیوں کو تشکیل دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر یورپی یونین تمام تارکین وطن کے وقار اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ یاد رہے کہ یورپی یونین کی 50کروڑ آبادی میں سے ڈھائی کروڑ غیر یورپی شہری ہیں ،جب کہ3کروڑ 70لاکھ افراد ایسے ہیں جو یورپی یونین سے باہر پیدا ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے