اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ افغانستان کی مدد کے لیے سر فہرست رہا ہے اور 40 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کر چکا ہے، افغانستان کے عوام کی انسانی بنیادوں پر مدد کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی دارلحکومت میں اسلامی تعاون تنظیم کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ41 سال بعد او آئی سی کا اہم اجلاس پاکستان میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دنیا کو پیغام جائے گا کہ پاکستان پائیدار اور مستحکم افغانستان کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ افغانستان کی آبادی کا بہت بڑا حصہ بھوک اور افلاس کا شکار ہے اور اس حوالے سے رپورٹس بھی موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا اجلاس بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ اب تو امریکا کے اندر سے بھی افغانستان کے حوالے سے آوازیں بلند ہو رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کے لوگوں کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑ سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے عوام کی انسانی بنیادوں پر مدد کرنے کی ضرورت ہے۔
