رحیم یار خان(آئی این پی) جمعیت علمااسلام ( ف)کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی او آئی سی کانفرنس اسلامی ممالک نے افغانستان کے معاشی بحران کا حل دیا تو اسلامی ممالک کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، پاکستان پر بھی انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوںگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ا آئی ایم ایف،ورلڈ بینک اور ان سے ملحقہ ادارے پاکستان کو معاشی طور پر انتہائی کمزور کرنا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں جس سے پاکستان معاشی طور پر مکمل طور پر کھوکھلا ہو چکا ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے آئی ایم ایف کے بجائے اپنے اخراجات کم کرنے کے ساتھ مہنگی اشیاکی درآمد مکمل طور پر بند کرے تاکہ ہمارا درآمدی بل کم ہونے سے زر مبادلہ کے ذخائر بہتر ہو سکیں ۔
