اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن)اپوزیشن اتحادپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم ) اورجمعیت علمائے اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے، پشاور میں ایم این اے، ایم پی اے، بیوروکریسی ان کی تھی لیکن جب قوتوں نے تھوڑا سا ہاتھ ہٹایا توخیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں انجام سب نے دیکھ لیا، پی ٹی آئی کے ساتھ خیبر پختونخوا میں جو ہوا وہی پورے ملک میں ہوگا۔ اسلام آباد میں مدرسے کے طلبہ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ جہاں اسلام کی بات آئے وہاں انتہا پسند کہہ دیا جاتا ہے، ہم جمہوری لوگ ہیں اور پرامن سیاست، مستحکم پاکستان اور مستحکم آئین کی بات کرتے ہیں، آپ ٹھیک ہو جائیں، ہم تو ٹھیک ٹھاک ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ ہم کہتے تھے حکومتیں تمام دھاندلی کی پیداوار ہیں،پشاور میں ایم این اے، ایم پی اے اور بیوروکریسی ان کی تھی لیکن جب قوتوں نے تھوڑا سا ہاتھ ہٹایا تو حشر نشر سب کے سامنے ہے، ان شا اللہ پورے ملک میں یہی صورتحال ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہم تو کہتے ہیں کہ آئو سودا کرتے ہیں، ہم قومی دائرے میں آنے کے لیے تیار ہیں، تم ذرا اسلامی دائرے میں آجائو،بڑے پیار سے کہنا چاہتے ہیں کہ شیطانی ذہنوں سے باہر آجائو ۔علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمن سے افغان وزیر تعلیم ملا عبد الباقی حقانی نے ملاقات کی۔ترجمان اسلم غوری کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ افغان وزیر تعلیم جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن کے گھر پہنچے ،دونوں رہنماؤں میں خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کے دوران افغان حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی دنیا امارت اسلامی کی حکومت قبول کرے اور ان کی ہر ممکن امداد کرے۔ افغان وزیر تعلیم نے جے یو آئی سربراہ کی جانب سے امارت اسلامی کی حکومت کی حمایت کا شکریہ ادا کیا ۔ ملاقات میں مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری،پارلیمانی لیڈر مولانا اسعد محمود ،ایم پی اے اصغر ترین ،مفتی ابرار احمد اور مولانا عبدالمجید ہزاروی موجود تھے۔
