نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی عدالت نے کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کے تناظر میں وزیراعظم نریندر مودی سے کہا ہے کہ وہ ریاستی انتخابات کو فی الحال ملتوی کر دیں۔ عدالت کے مطابق سیاسی ریلیوں اور انتخابی مہم کی وجہ سے اومیکرون سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے۔عدالت کا کہنا تھا کہ گنجان آباد ریاستوں میں الیکشن کا انعقاد کرکے رسک نہیں لیا جاسکتا، وزیراعظم جلد فیصلہ لیں۔بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق بھارت کی سب سے گنجان آباد ریاست اترپردیش میں نئے برس کے آغاز پر انتخابات ہونا ہیں۔واضح رہے کہ 22کروڑ آبادی والی ریاست کے انتخابات کے لیے حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ بھارت میں اترپردیش کے علاوہ چند دیگر ریاستوں میں بھی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔بھارت میںکورونا کی نئی قسم اومیکرون کے باعث حالات سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ بھارت کی 8سے زیادہ ریاستوں میں اومیکرون کے کیس سامنے آچکے ہیں۔

