English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

طالبان حکومت نے افغان الیکشن کمیشن تحلیل کردیا

القمر

کابل (آن لائن) افغان طالبان حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ طالبان نے افغانستان کے الیکشن کمیشن کو تحلیل کردیا ہے، اس کمیشن نے ہی افغانستان کے گزشتہ انتخابات کی نگرانی کی تھی۔ ترجمان بلال کریمی نے انڈیپینڈنٹ الیکشن کمیشن (آئی ای سی) اور انڈیپینڈنٹ ایلکٹورلکمپلینٹ کمیشن (آئی ای سی سی)کے حوالے سے کہا کہ ان کمیشنز کے موجود رہنے اور کام کرتے رہنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے‘ اگر کبھی ان کی ضرورت محسوس ہوئی تو انہیں بحال کردیا جائے گا۔ کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق2006ء میں قائم ہونے والے آئی ای سی کے پاس صدارتی انتخاب سمیت ہر قسم کے انتخابات کی نگرانی کا اختیار تھا۔ اشرف غنی حکومت کے خاتمے تک الیکشن کمیشن کے سربراہ رہنے والے اورنگزیب کا
کہنا تھا کہ طالبان نے یہ فیصلہ جلد بازی میں کیا ہے اور کمیشن کو تحلیل کرنے کے سخت نتائج ہوں گے‘ مجھے100فیصد یقین ہے کہ اگر اسے ختم کر دیا گیا تو یہاں کبھی انتخابات نہیں ہو سکیں گے اور افغانستان کی مشکلات بھی حل نہیں ہو سکیں گی۔ گزشتہ نظام حکومت میں ایک سینئر سیاست دان اور گزشتہ 2 دہائیوں میں 4 صوبوں کے گورنر رہنے والے حلیم فدائی کا کہنا تھا کہ طالبان کی جانب سے کمیشن کو تحلیل کرنا اس بات کا اظہار ہے کہ وہ جمہوریت پر یقین نہیں رکھتے‘وہ تمام جمہوری اداروں کے خلاف ہیں‘ وہ بیلٹ نہیں بلکہ بُلٹ سے طاقت حاصل کرتے ہیں ۔ طالبان کے اقتدار میں آنے سے قبل کمیشن کے کئی اہلکار شدت پسند گروہوں کے ہاتھوں ہلاک کیے گئے تھے۔طالبان کے ترجمان بلال کریمی کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکام نے رواں ہفتے وزارت امن اور وزارت پارلیمانی امور کو بھی تحلیل کردیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے