سرینگر(اے پی پی)بھارتی فوج نے یوم حق خود ارادیت پر مقبوضہ کشمیر میں مزید 3 نوجوانوں کو شہید کردیا،5 جنوری کو کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم حق خود ارادیت منا یا۔اس موقع پر کشمیری رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حق خود ارادیت کے وعدے پر 73 برس گزرنے کے باوجود عملدرآمد نہ ہونااقوام متحدہ اور عالمی اداروں کی ناکامی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران گزشتہ روز ضلع پلوامہ میں 3 اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے چند گام میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔علاوہ ازیں کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے بدھ کو یوم حق خود ارادیت اس تجدید عہد کے ساتھ منایا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کے حل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 1949 میں اسی دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرارداد منظورکی تھی جس میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ خودکرنے کے کشمیریوں کے حق کی حمایت کی گئی تھی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مظلوم کشمیریوں کی نسل کشی اور بھارت کی طرف سے بین الاقوامی قوانین اور وعدوں کی کھلی خلاف ورزیوں سے دنیاایک اور عالمی جنگ کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔ سینئر حریت رہنما میرواعظ عمر فاروق نے خبردار کیاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال، ظلم وجبر اور پروپیگنڈے کو ریاستی پالیسی کے طور پر اختیارکرنا تباہ کن اور مہلک ثابت ہوگا۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر بدھ کو اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں شیخ عبدالمتین، محمد فاروق رحمانی، غلام محمد صفی اور دیگر رہنمائوں کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے بھارتی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مزید برآں پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشال حسین ملک نے اقوام متحدہ سے کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم اپنے عروج پر ہیں۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں اور اقوام متحدہ 73 سال گزر جانے کے باوجود اپنے وعدے پورے کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔
یوم حق خودارادیت پر مقبوضہ کشمیر میں 3 نوجوان شہید
القمر
