اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مری میں شدید برفباری میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوس ناک امر ہے‘ پاک فوج اور امدادی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں‘ ابھی حکومت کی ترجیح پھنسے ہوئے تمام لوگوں کو ریسکیو کرنا ہے‘ برفباری سے متعلق انتظامیہ شہریوں کو مطلع کرتی رہی ہے‘ مری ایکسپریس وے کو ٹریفک کے لیے کلیئر کردیا گیا ہے۔ وزیر مملکت نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نتھیا گلی کے ساتھ کے پی کے اور پنجاب کے سرحدی مقام باڑیاں میں یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا، وہاں پر شدید برفباری کی وجہ سے راستے بند ہونے سے امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا رہا‘ اب باڑیاں کے مقام پر بھاری مشینری سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں‘ اس مشکل صورتحال میں مقامی لوگوں کا کردار بھی قابل ستائش ہے جنہوں نے سیاحوں کے لیے اپنے گھر کے دروازے کھول دیے۔
