حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی پاکستان بھر میں کراچی دھرنے سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کی اپیل پر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے تحت بلدیاتی کالے قانون کے خلاف جماعت اسلامی کراچی میں دھرنے کی حمایت اور شہر حیدرآباد کی تباہ حالی کے خلاف پریس کلب کے سامنے امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان کی زیر قیادت احتجاجی دھرنادیا گیا ۔احتجاجی دھرنے میں نائب امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عبدالقیوم شیخ، جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالباسط خان ، جے آئی یوتھ حیدرآباد کے صدر عرفان قائمخانی، نیشنل لیبر فیڈریشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری شکیل احمد شیخ، سابق ضلعی امیر مشتاق احمد خان ، اسلامی جمعیت طلبہ
حیدرآباد کے ناظم معاذ قریشی ، سندھی میڈیا سیل پاکستان کے انچارج نعیم مغل سمیت امرائے زونز و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا پیپلزپارٹی کے غاصبانہ بلدیاتی کالے قانون کو جماعت اسلامی اور عوام نے مسترد کر دیا ہے ، ہم عوام کا حق لینے کے لیے نکلے ہیں۔ عوام کی طاقت سے کالے بلدیاتی قانون کو واپس لینے پر مجبور کردینگے، جماعت اسلامی کالے قانون کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔سندھ اسمبلی کے وڈیروں اور جاگیرداروں نے بلدیاتی ترمیمی بل منظور کرکے کراچی اور حیدرآباد کے عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا ہے، کراچی، حیدرآباد کے عوام کالے قانون کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، ہم اس بل کو مسترد اور مطالبہ کرتے ہیں کہ بااختیار شہری حکومت قائم کی جائے۔ پیپلز پارٹی کرپشن اور لوٹ مار کرنے کے لیے کراچی اور حیدرآباد کے اداروں پر قبضہ کرنا چاہتی ہے،جماعت اسلامی میدان میں موجود ہے کسی صورت میں بھی عوام کو تقسیم نہیں ہونے دے گی۔
