اسلام (نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انکوائری کمیٹی سانحہ مری کے حقائق جلد سامنے لائے۔پیر کو وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، سانحہ مری پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن میں زیر سماعت فارن فنڈنگ کیس سے متعلق گفتگو ہوئی۔ بابر اعوان اور فرخ حبیب کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر تمام چیزوں کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے، مری میں انفراسٹرکچر کی کمی کو دور کرنے پر زور دیا جائے، جدید طریقے سے سارے معاملے کو ہینڈل کیا جائے۔سانحہ مری پر بریفنگ کے دوران بعض وفاقی وزراء ضلعی انتظامیہ کے حق میں بولے۔وزیراعظم نے ریسکیو آپریشن میں سول اداروں اور فوج کی کاوشوں کی تعریف کی۔ اجلاس میں سول ملٹری تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کے بعد سول ملٹری تعلقات سے متعلق اپوزیشن کا بیانیہ دم توڑ گیا ہے۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کو تمام رسیدیں فراہم کرچکے ہیں اور ہمیں اسکروٹنی کمیٹی نے کلیئرکردیا ہے،31کروڑفنڈنگ میں سے 15 کروڑکی رقم 2 بار ظاہرکی گئی، اس رقم کا معاملہ اگلی سماعت میں کلیئرکردیں گے،باقی سیاسی پارٹیاں بھی اپنی فنڈنگ کی رسیدیں دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کوشرم نہیں آتی انہوں نے اتنی ٹی ٹیز لگائیں، شہبازشریف اپنی ٹی ٹیزکا بتائیں۔ عمران خان نے مطالبہ کیا کہ ن لیگ اربوں روپے کی بیرونی فنڈنگ کا حساب دے۔
