English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سینیٹ قومی اسمبلی ،منی بجٹ و دیگر بلوں کی منظوری کیخلاف اپوزیشن کا احتجاج واک آئوٹ

اسلام آباد (صباح نیوز+آن لائن) سینیٹ اور قومی اسمبلی میں منی بجٹ اور دیگر بلوں کی منظوری کے خلاف اپوزیشن نے احتجاج اور واک آؤٹ کیا۔جمعہ کوسینیٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ لوگوں کومظاہروں پراکسایا جا رہا ہے۔ وزیرمملکت علی محمد خان نے اپوزیشن کے کردار پرتنقید کی تو اپوزیشن نے اعتراض کرتے ہوئے ایوان سے واک آئوٹ کردیا، کورم پورا نہ ہونے پراجلاس ملتوی کردیا گیا۔دوسری جانب قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی سربراہی میں منعقد ہوا تو پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے نکتہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل اسمبلی میں ساڑھے 3 سو ارب کے نئے ٹیکسز عوام پر مسلط کیے گئے ہیں نااہل حکومت نے مہنگائی آسمان پر پہنچا دی ،اسٹیٹ بینک گروی رکھ دیا گیا،اپوزیشن احتجاج کا حکومت پرکوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔سابق وفاقی وزیر و رکن اسمبلی خواجہ آصف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے وعدہ کیا تھا 200 ارب لائیں گے 100 ڈالر اس کے 100ارب ڈالر اس کے منہ پر ماریں گے، آپ نے اسٹیٹ بینک ہی آئی ایم ایف کے منہ پر مار دیاآپ کو آنے والی نسلیں یاد کریں گی کہ آپ نے وطن فروشی کی تھی، تاریخ آپ کو معاف نہیں کرے گی۔ رکن اسمبلی نورعالم خان کہا کہ پشاور میں بائیس بائیس گھنٹے بجلی جاتی ہے، کیا میں صرف ووٹ دینے کے لیے ہی ہوں ،اس ایوان کی نشستوں کی اگلی 3قطاروں کے نام ای سی ایل میں ڈال دیں سب ٹھیک ہوجائے گا،ریاض حسین پیرزادہ نے کہاکہپہلے ہم نے دریا دے دیے، پھر کشمیر دے دیا اب اسٹیٹ بینک بھی دے دیا ۔کل جو کچھ ہوا کیا قیامت آگئی تھی ،آج وزیر اعظم آفس کی طرف جاتی غیر منتخب لوگوں کی گاڑیوں کے کانوائے دیکھے، وزیر اعظم کا کیا پروٹوکول ہے یہ اس سے کہیں زیادہ تھا ،منتخب لوگوں کو گالیاں پڑتی ہیں ،اب تو یہ حال ہوگیا ہے کہ الیکشن لڑنے کو بھی دل نہیں کرتا۔ رکن اسمبلی فہیم خان نے کہا کہ سندھ میں لاقانونیت کی حد ہوگئی ہے ،، شاہ رخ جتوئی نامی قاتل کو کس طرح کا پروٹوکول دیا جارہا تھا سب کے سامنے ہے۔علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر پیپلز پارٹی کے رکن آغا رفیع اللہ نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں بسنے والے بہاریوں کو شناختی کارڈ کے اجرا کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے بہاریوں نے ملک کی خاطر پاکستان ہجرت کی، ہم پاک فوج کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے کینٹ کے علاقوں تک ان کی رسائی یقینی بنائی ہے مگر ان کو شناختی کارڈ جاری نہیں کیے جارہے جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے