کراچی:کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 1 ڈکیت ہلاک ہو گیا جبکہ پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق سرجانی ٹان کے سیکٹر 7 اے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 1 شخص ہلاک ہو گیا، مرنے والا نشے کا عادی تھا، علاقے والوں نے بتایا ہے کہ وہ لوٹ مار بھی کرتا تھا۔بھینس کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق بھینس کالونی روڈ نمبر زیرو پر مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان علی حسن، شاکر اور نسیم کے قبضے سے 2 پستول، موٹر سائیکل اور موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق دو دریا پارکنگ کے قریب ڈیفنس تھانے میں تعینات پولیس اہلکار کی ویگو میں سوار افراد سے تلخ کلامی ہوئی جو کہ بڑھتے بڑھتے جھگڑے تک جا پہنچی۔ویگو میں سوار شخص پولیس اہلکار کو گولی مار کر زخمی کر کے فرار ہو گیا، زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔فیڈرل بی ایریا سمن آباد میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 25 سالہ سرفراز نامی شخص زخمی ہو گیا۔سائٹ ایریا میں حبیب بینک چورنگی کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں 42 سالہ عبدالحکیم زخمی ہو گیا۔سائٹ ایریا ہی میں باوانی چالی کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 35 سالہ جان بہادر نامی شخص زخمی ہو گیا۔

