کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر آفتاب بلوچ ان دنوں مقامی نجی اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔ جسارت میں خبر شائع ہونے کے بعد ان کے دوست احباب اور مداحوں نے ان کی خیریت دریافت کی اور حکومت و پی سی بی سے اپیل کی وہ سابق ٹیسٹ کرکٹر کے علاج و معالجے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں۔ جن احباب اور مداحوں نے پیغامات بھیجے ان میں سابق فرسٹ کلاس ریکارڈ ہولڈر ندیم یوسف، اولمپئن سلیم ناظم، لاروش کے محمد نظام، پی آئی اے (پیاسی) کے سابق رہنما سید محتشم علی قادری، سعودی ائیر لائنز کے سابق کارگو ہیڈ سید انتظام اللہ، پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین سید عاصم علی قادری و دیگر شامل ہیں۔ آفتاب بلوچ کے اہل خانہ نے بھی والد کی طبیعت کو تشویشناک قرار دیا ہے اور دعا کی درخواست کی ہے۔ دریں اثنا کچھ حلقوں کی جانب سے جسارت کی شائع خبر کے حوالے سے سماجی رابطے پر خبر کے مفہوم کو غلط رنگ دینے کی مذمت کی گئی ہے۔ مداحوں کا کہنا تھا کہ جسارت نے خبر شائع کرکے سابق ٹیسٹ کرکٹر آفتاب بلوچ کی طبیعت خرابی کے بارے میں اطلاع دے کر صحافت کا حق ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسے ذرائع ابلاغ اور جریدے ہیں جنہوں نے سابق ٹیسٹ کرکٹر کی طبیعت کی بابت کوئی خبر قارئین تک پہنچائی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کی بیخ کنی ہونی چاہیے جو ہر موقع پر فساد برپا کرنے پر تلے رہتے ہیں۔
