واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی کانگریس نے ایک قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت کام کی جگہوں پر جنسی ہراسانی کا سامنا کرنے والے افراد عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔ اس قانون کو مبصرین دنیا بھر میں شروع ہونے والی می ٹو تحریک کی ایک بڑی فتح قرار دے رہے ہیں۔ اس بل کے بارے میں توقع کی جا رہی ہے کہ اس پر جلد ہی صدر بائیڈن دستخط کر دیں گے۔ بل کی منظوری کے بعد ملازمین کے معاہدے سے وہ شق ختم کر دی جائے گی جو کام کی جگہوں پر ہراساں کیے کی صورت میں عدالت سے رْجوع کے بجائے ثالث کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی پابند کرتی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس طرح بڑی تعداد میں کیس منظر عام پر آئیں گے، کیوں کہ واقعات کو دبا دیا جاتا ہے۔
