English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی میں ماتحت افسران سے ٹریفک چالان کرنے کا اختیار واپس لے لیا گیا

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرچالان صرف ٹریفک پولیس کا سیکشن افسر کرسکے گا، ماتحت افسران نے چالان کا اختیار واپس لے لیا گیا،ا س بات کا فیصلہ ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے کراچی پولیس چیف کے عہدے کا چارج لینے کے بعد کراچی پولیس آفس میں پہلے اہم اجلاس میں کیا ۔ اجلاس میں شہر میں ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لیے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایت کی کہ اب صرف سیکشن آفیسرز کو چالان کرنے کا اختیار دیا گیا ہے، ایس او کا ماتحت عملہ چالان کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔ اجلاس میں شہر میں اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی پر قابو پانے کے لیے نئی اور موثر حکمتِ عملی بنانے پر غور کیا گیا،کراچی پولیس کے سربراہ نے پولیس گشت میں اضافے اور گرفتار ملزمان کے خلاف درج مقدمات کی تفتیش میں بہتری کے احکامات جاری کیے گئے۔ اجلاس میں مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز اور انویسٹی گیشن ایس پیز کو مشترکہ طور پر سنجیدہ اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ ڈی آئی جی مقصود میمن نے مددگار 15 کی مجموعی کارکردگی پر ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کو بریفنگ دی ۔شہر میں موٹر سائیکل کی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام اور سدباب کے لیے ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کو مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ اجلاس میں حکام نے بتایا کہ جرائم کی سرپرستی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے، ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی و محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کرائم سین یونٹ بہترین انداز میں کام کر رہا ہے، اس کی صلاحیتوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن، ڈی آئی جی کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، ڈی آئی جی ٹریفک سمیت زونل ڈی آئی جیز، ضلع ایس ایس پیز، ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل، ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل، ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اور تمام ایس پی انویسٹی گیشنز نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے