بھارت کی کئی ریاستوں میں انتخابات جاری ہیں ، اس دوران ریاست اتراکھنڈ میں بی جے پی کے موجودہ اسپیکراسمبلی اور دوبارہ امیدوار بنائے گئے پریم چند اگروال حامیوں کے ساتھ نابھا ہاؤس مایاکنڈ میں واقع پولنگ مرکز کا معائنہ کرنے پہنچے۔ یہاں کچھ لوگوں نے یہ شکایت کی کہ کمرے کے اندر اندھیرا ہے۔ اس بات پر پریم چند اگروال نے وہاں موجود اہلکاروں سے بات چیت کی۔اس موقع پر وہاں موجود سیکیورٹی فورس کے جوان نے انکو ماسک لگانے کے لیے کہا۔ جس پر اتراکھنڈ کے اسمبلی اسپیکر نے سی آر پی ایف جوان کو وہیں پر ڈانٹنا شروع کر دیا اور ماحول کافی گرم ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پریم چند اگروال نے فوجی اہلکار کو یہاں تک کہہ دیا کہ ” تو حفاظت کر، بے کار کی بات مت کر”۔گرما گرمی کے دوران سی آر پی ایف کی طرف سے کوتوالی پولیس کو اطلاع دی گئی جس کے بعد پولیس ٹیم موقع پر ہی پہنچ گئی۔ اس وقت تک اسمبلی اسپیکر اپنے حامیوں کے ساتھ وہاں سے چلے گئے تھے۔

