راولپنڈی(اے پی پی) بلوچستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 16 فروری 2022 کو بلوچستان میں بلیدہ کے قریب عمومی علاقے میں بیرونی مدد سے صوبے میں امن دشمن کارروائیوں میں ملوث دہشت گردوں کے ٹھکانے کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔ جب سیکورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا تو دہشت گردوں نے اپنے کیمپ سے فرار ہونے کی کوشش کی اور سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔ مارے گئے دہشت گرد ضلع کیچ میں حالیہ فائرنگ اور سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ اس کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا اور انہیں بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
