اسلام آباد(نمائندہ جسارت) عالمی وبا کورونا سے مزید 31 افراد انتقال کر گئے اور 1360افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 41597 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1360 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 31 ہلاکتیں ہوئیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ
24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.27 فیصد رہی۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 29976 ہو گئی اور مجموعی کیسز 15 لاکھ ایک ہزار 680 تک جا پہنچے ہیں۔اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1315 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 14 لاکھ 3 ہزار 968 ہو گئی ہے۔دریں اثناء ڈی جی وزارت نیشنل ہیلتھ کے مطابق ملک کے تین شہروں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے جن میں سب سے زیادہ شرح گلگت میں 26.27 فیصد ریکارڈ کی گئی جب کہ مردان میں 20.79 اور کوئٹہ میں 11.55 فیصد شرح رہی۔وزارت نیشنل ہیلتھ کے مطابق ایبٹ آباد میں کورونا کی شرح 6.14، مظفر آباد 6، پشاور 4.18، لاہور 3.17 اور
اسلام آباد میں 1.83 فیصد شرح ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ کرا چی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 5.07 اور حیدرآباد میں 5.08 فیصد ریکارڈ کی گئی۔