اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات بریگیڈئر(ر) ملک اعجاز شاہ ملک میں منشیات کی روک تھام کیلیے وسائل کی کمی پر پھٹ پڑے اور ضبط شدہ منشیات فروخت کرکے اخراجات پورے کرنے کی تجویز پیش کردی۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کا اجلاس چیئرمین صلاح الدین ایوبی کی زیرصدارت وزارت انسداد منشیات میں ہوا۔ اعجاز شاہ نے کہاکہ نئی نسل کو بچانے کے لیے ہمیں بہت کام کرنا ہے اوراس کیلیے وسائل چاہئیں، پنجاب حکومت نے صوبے میں 9 بحالی مراکز قائم کرنے کا وعدہ کیا ایک سال گزر گیا مگر وعدہ وفانہیں ہوسکا۔ چیئرمین کمیٹی مولانا صلاح الدین نے وفاقی وزیر کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ضبط شدہ منشیات تلف کرنے کے بجائے اس کو فروخت کرکے حاصل ہونے والی آمدن بحالی مراکز پرخرچ کی جائے۔ اے این ایف حکام نے بتایا کہ گزشتہ 10 سال میں 1033 گاڑیاں ضبط کیں، زیادہ تر گاڑیاں عدالتوں نے واپس کردیں باقی نیلام کردیں۔ کمیٹی نے پی ایس ڈی پی کی منظوری دیدی اور اگلا اجلاس پشاورمیں کرنے کا فیصلہ کرلیا۔