ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت)جئے سندھ قومی محاذ کی جانب سے صنعان قریشی کے گھر پولیس کے چھاپے اور رشتے داروں کی گرفتاری کے خلاف میونسپل کمیٹی آفس کے سامنے ضلعی رہنماؤں ظہور ہالیپوٹو ، گلشیر کولاچی ، جاوید ہالیپوٹو ودیگر کی قیادت میں تیسرے روز بھی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیا جس میں کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بلا جواز جسقم چیئرمین اور ان کے رشتے داروں کو حراساں کیا جارہا ہے ، جئے سندھ قومی محاذ کے کارکنان چیئرمین کے خلاف بلاجواز کارروائیوں کی مذمت اور مطالبہ کرتے ہیں کہ چیئرمین صنعان قریشی ،ان کے رشتے داروں اور پارٹی کارکنان کے خلاف بلا جواز کارروائیوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ دوسری جانب قوم پرست رہنماء میر عمران تالپور نے بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچ کر کارکنان کو جوس پلا کر بھوک ہڑتال ختم کروادی ۔
