کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسکول اسپورٹس اولمپک کے زیر اہتمام کھیلا گیا کراچی پی ایس ایس اوانٹر یونیورسٹیز فٹبال ٹورنامنٹ سر سید یونیورسٹی نے جیت لیا ۔مدھو محمدن فٹبال گرائونڈ پر کھیلے گئے فائنل میں آئی بی اے کراچی کو سخت مقابلے کے بعد1-0سے شکست ہو گئی،میچ کا فیصلہ کن گول سر سید یونیورسٹی کے معاذ نے اسکور کیا ۔اس سے قبل تیسری پوزیشن کے لئے کھیلے گئے میچ میں دیوان یونیورسٹی نے فتح سمیٹ کر تیسری پوزیشن پائی ۔سر سید یونیورسٹی کے معاذکو ایونٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ایونٹ میں کراچی کی معروف6 یونیورسٹیز نے شرکت کی تھی ۔اسکائوٹ کمشنر اور ایڈ منسٹریٹر کراچی یونیورسٹی فرمان رسول مہمان خصوصی تھے جن کا فائنل سے قبل دونوں ٹیموں سے تعارف کروایا گیا ۔ پاکستان اسکول اسپورٹس اولمپک کے صدر سید گوہر رضا نے ان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر مہمان خصوصی نے شاندار ایونٹ آرگنائز کرنے پر پاکستان اسکول اسپورٹس اولمپک کی کاوشوں کی تعریف بھی کی ۔بعد ازاں مہمان خصوصی نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں دیگر انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کیں ۔اس موقع پر پی ایس ایس اوکے صدر سید گوہر رضا ،مبشر مختار،دیوان یونیورسٹی کے محمد حفیظ ،ریحان الدین ،محمد رفیع ،حسن نقوی،عبدالرافع،محمد ناظم اور دیگر بھی موجود تھے ۔

