اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کا خواہشمند ہے، دنیا کو کشمیر کے حوالے سے دہرا معیار ترک کرنا چاہیے۔ امریکا میں مقیم پاکستانی دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعاون بڑھانے کیلیے پل کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے ایک تقریب سے خطاب اور امریکا کیلیے نامزد سفیر سے ملاقات کے دوران کیا۔ تفصیلات کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ مودی اور ہندوتوا کے اقدامات بھارت کو تباہ کر دیں گے، دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھانا ہے۔ پاکستان ہر کسی کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے ، لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانا چاہتے ہیں، کسی کے ساتھ وابستہ نہیں ہونا چاہتے۔ علاوہ ازیں امریکا کیلیے پاکستان کے نامزد سفیر سردار مسعود خان سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے پاکستان کی جانب سے امریکا کے ساتھ تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کااعادہ کیا ، انہوں نے کہا کہ حکومت جغرافیائی اقتصادی تعاون پر توجہ مرکوز رکھنے کے ساتھ ساتھ امریکا کے ساتھ تجارت اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے کیلیے مواقع تلاش کرنے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔

