
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) مہنگائی کے طوفان کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پورے ملک میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے اس سلسلے میں امیر جماعت اسلامی حیدرآباد عقیل احمد خان کی قیادت میں پکا قلعہ چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرے سے نائب امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عبدالقیوم شیخ،سردار زبیر خادم حسین سولنگی، جنر ل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالباسط خان اور جماعت اسلامی کے رہنما و سابق یوسی ناظم سلیم خان، ناظم زون سمیع دلشادنے بھی خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا کہ ماعت اسلامی نئی حلقہ بندیوں کو یکسر مسترد کرتی ہے۔ حکومت سندھ نے بلدیانی آرڈیننس کے ذریعے حیدرآباد کو جو پہلے کارپوریشن تھا، ضلع کونسل تھا اس کو ختم کر کے ٹاؤنز میں تبدیل کر دیا ہے، قاسم آباد، لطیف آباد، حیدرآباد شہر کو 3 حصوں میں تقسیم کر دیا، حکومت سندھ کا منصوبہ یہ ہے کہ اس تقسیم کے ذریعے سے پیپلز پارٹی کا جیالا میئر اس شہر پر مسلط کیا جائے اس لیے ساری منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، شہریوں کو تقسیم کر کے پریٹ آباد کو 2ٹاؤن میں تقسیم کر دیا گیا، حکومت شہریوں کے حقوق غصب کرنا چاہتی ہے، شہریوں کی آواز کو دبایا جا رہا ہے، جماعت اسلامی اس حکومتی اقدام کے خلاف احتجاج جا ری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا،ا س قوم کو معاشی، سیاسی اور انتظامی طور پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا غلام بنایا جا رہا ہے جس کے خلاف جماعت اسلامی ملک بھرمیں اس کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیسکو عوام کا خون چوس رہاہے، پکا قلعہ کے عوام کو جو ہر ماہ باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیں ان کے کنکشن کاٹ دیے گئے ہیں یہ حیسکو کی کھلی بدمعاشی ہے حیسکو خود کو لگام دے جماعت اسلامی حیسکو کے خلاف بھر پور احتجاج کرے گی۔ جماعت اسلامی کل بروز اتوار حیدر چوک پر 3بجے مہنگائی، پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور حیدرآباد کی تباہ حالی کے خلاف دھرنا دے گی۔
