فیصل آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت نے طبقاتی نظام کو ختم کرکے پورے ملک میں یکساں نظام تعلیم نافذ کیا ہے جس کے مستقبل میں دور رس مثبت اثرات سامنے آئیں گے، نئے نظام تعلیم کے تحت ہر اسکول کے سلیبس میں سیرت النبیؐ کو لازمی مضمون کے طور پر شامل کیا گیا ہے تاکہ بحیثیت مسلمان ہمارے بچوں کو اپنے دین بالخصوص سیرت طیبہ کے بارے میں مکمل آگاہی ہوسکے۔ ہفتہ کو فیصل آباد کے ایک نجی اسکول میں تعلیمی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے بچے مستقبل کے معمار ہیں اسلیے والدین اور اساتذہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں کیونکہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت جتنی بہتر ہوگی یہ بچے کل اسی طرز سے زندگی کے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے قابل ہوسکیں گے، ہمیں اپنے بچوں کو جدید علوم کے ساتھ اخلاقی لحاظ سے بھی بہتر بنانا ہے لہٰذا بچوں کو چھوٹی عمر سے ہی دین اسلام کے سنہری اصولوں، ہمارے اسلاف، قومی ہیروز اور درخشاں ماضی سے روشناس کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر رئیس ادارہ، ٹیچنگ سٹاف ممبران، طلبا و طالبات کے والدین اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔