English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ادارے غیر جانبداررہے تو کٹھ پتلی وزیراعظم گھر چلا جائے گا، بلاول

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہاہے کہ تمام ادارے غیر جانبداررہے تو کٹھ پتلی وزیراعظم گھر چلا جائے گا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کا جنازہ نکالاگیا‘ معیشت کو تباہ کردیا گیا‘ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے‘ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا ور دھوکا نکلا، عوام کا سلیکٹڈ وزیراعظم سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔ بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان نالائق اور سلیکٹڈ حکمران ہے‘ سینیٹر تاج حیدر نے ایک رپورٹ تیار کی ہے‘ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح انتخابات 2018 ء میں دھاندلی کی گئی‘ حکومت اور نظام غیر جمہوری ہے‘ ہم اس نظام سے چھٹکارے کے لیے جمہوری راستہ اپنائیں گے‘ احتجاج اور تحریک عدم اعتماد جمہوری ہتھیاروں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں‘ ہمارا عوامی مارچ غیر جمہوری حکومت پر جمہوری حملہ ہے‘تحریک عدم اعتماد لا کر چاہتے ہیں کہ صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں‘ عمران خان کو ہٹانے کے بعد جو بھی سیٹ اپ آئے گا شفاف انتخابات اس کی ذمے داری ہوگی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کراچی سے اسلام آباد تک مہنگائی اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف احتجاجی مہم چلانی ہے‘ 37 شہروں سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے‘ بے شرم حکمران نے کہا تھا کہ 50 لوگ احتجاج کریں گے تو استعفا دے گا‘ اب ہم لاکھوں لوگوں کے ساتھ اسلام آباد پہنچ رہے ہیں اسے استعفا دے دینا چاہیے‘ صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ سے محروم رکھا جا رہا ہے‘ چاہتے ہیں کہ تمام صوبوں کو ان کا حق دیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے