English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ڈونئیسک اور لوہانسک میں 14ہزار شہری قتل ہوئے، روسی صدر

القمر

ماسکو :روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ 2014ء سے اب تک ڈونئیسک اور لوہانسک میں 14 ہزار شہریوں کو قتل کیا گیا، ان دونوں علاقوں میں 500 بچوں کو ہلاک یا معذور کیا گیا۔

روسی صدر نے کہا کہ نام نہاد مہذب مغرب کی 8 برس سے اس پر خاموشی ناقابلِ برداشت ہے، ممکن ہے یہ سخت لگے مگر آوارہ کتے لوگوں پر حملہ کر رہے ہیں، وقت آتا ہے جب لوگ آوارہ کتوں کو زہر دیتے یا گولی مار دیتے ہیں۔

پیوٹن نے کہا کہ حد یہ ہے کہ یوکرینی حکام صاف کہہ رہے تھے کہ 2 منسک معاہدوں پر عمل نہیں کریں گے، منسک معاہدے پر عمل سے انکار یوکرین نے کیا، جبکہ موردِ الزام روس کو ٹھہرایا گیا، سیاہ کو سفید اور سفید کو سیاہ کہنے پر اصرار بے معنی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں مارشل لاء  لگانے کا اعلان کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، مارشل لاء کی ضرورت اس وقت ہوتی ہے جب ملک کو بیرونی جارحیت کا سامنا ہو، اس وقت ایسی کوئی صورتِ حال نہیں، نہ مستقبل میں ایسے حالات کا امکان ہے۔

روسی صدرپیوٹن نے مزید کہا کہ یوکرین میں سب کچھ طے شدہ منصوبے کے مطابق جاری ہے، یوکرینی صدر نیٹو کو تنازع میں شامل کرنے کے بیانات دے کر صورتِ حال کو پیچیدہ بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا  تھا کہ جو ملک یوکرین کی فضائی حدود کو نو فلائی زون قرار دے گا وہ تنازع میں شامل ہو جائے گا، کسی بھی ملک کی ایسی کسی تحریک کو تنازع میں شامل ہونے کے برابر سمجھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے