اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عدم اعتماد والے شوق پورا کرلیں، ہماری تیاری مکمل ہے، جبکہ دوسری جانب وزیراعظم نے تحریک انصاف کے ناراض رہنما علیم خان کو منانے کا ٹاسک گورنر سندھ عمران اسماعیل کو سونپ دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویزخٹک، گورنر سندھ، پنجاب اور کے پی کے، بابراعوان سمیت دیگر کورکمیٹی ممبران شریک ہوئے۔ اجلاس میں مشیر پارلیمانی اموربابر اعوان نے قانونی امور پر بریفنگ دی اور اس دوران ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمیٹی کو ناراض حکومتی رہنماؤں سے ہونے والے رابطوں پر بریفنگ دی گئی اور جہانگیر ترین علیم خان کے مجوزہ اتحاد پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بتایا کہ میں علیم خان سے رابطے میں ہوں۔ وزیراعظم نے عمران اسماعیل اور پرویز خٹک کو ناراض حکومتی ارکان سے رابطوں کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو علیم کو منانے کا ٹاسک سونپ دیا ہے، جس کے بعد وہ آج ہی لاہور کا ہنگامی دورہ کریں گے اور علیم خان سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سینیئر پارٹی رہنماؤں نے وزیراعظم کو ناراض ارکان سے خود رابطہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جہانگیر ترین اور علیم خان سے خود رابطہ کریں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چوروں کا ایجنڈا ناکام بنا دیں گے، عدم اعتماد والے شوق پورا کرلیں، ہماری تیاری مکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، جن کو مقدموں کا خطرہ ہے وہ لوٹی ہوئی دولت کے ذریعے انقلاب نہیں لاسکتے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے جنوبی پنجاب صوبے کا بل قومی اسمبلی میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
